علی گڑھ،23مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کی اہلیہ ڈاکٹر محترمہ حمیدہ طارق نے آج یونیورسٹی کی معین الدین احمد آرٹ گیلری میں فائن آرٹس شعبہ کے طلبأ فنکاروں کے ذریعہ بنائے گئے فن پاروں کی ایک نمائش کا افتتاح کیا۔اس نمائش میں اریبہ فاطمہ، زیبا ناز، انّو بالا، نشٹھا اگروال، صالح انصاری، جیف فاسٹر، سائمہ ذکی، ترنم پروین اور شمع پروین کے فن پاروں کی نمائش کی گئی ہے۔مذکورہ فنکاروں کے فن کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر محترمہ حمیدہ طارق نے کہا کہ ان طلبأ و طالبات نے رنگوں اور برش کے استعمال سے اپنے جذبات کے مظاہرہ میں غیر معمولی کامیابی حاصل کی ہے اور طالبات نے خصوصی طور پر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ صلاحیتوں کے تعلق سے اس میدان میں بھی کسی طرح مردوں سے کم نہیں ہیں۔ انہوں نے نمائش کے منتظمین سے اپیل کی کہ وہ ان طلبأ و طالبات کو الگ سے سرفراز کریں۔آرٹ گیلری کی کو آرڈینیٹرپروفیسر بدر جہاں نے نمائش میں رکھے فن پاروں اور ان کی خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فنکار عام لوگوں سے الگ ہٹ کر چیزوں کو دیکھتے اور سمجھتے ہیں اور پھر رنگوں اور برش سے اپنے جذبات کو کینوس پراتارتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فائن آرٹس شعبہ کے طلبأ و طالبات نے ثابت کردیا ہے کہ وہ بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہیں۔اس موقع پر پروفیسر آذر می دخت صفوی، پروفیسر طارق احمد، پروفیسر نعیمہ گلریز، پروفیسر ریحانہ خسرو، پروفیسر سیما جاوید اور میجر مصطفےٰ سمیت فائن آرٹس شعبہ کے اساتذہ و طلبأ موجودتھے۔